ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ایوانِ نمائندگان کے سپیکر پال رائن بھی ٹرمپ کی حمایت سے دستبردار

ایوانِ نمائندگان کے سپیکر پال رائن بھی ٹرمپ کی حمایت سے دستبردار

Tue, 11 Oct 2016 16:55:17    S.O. News Service

نیویارک،11؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)امریکہ ایوانِ نمائندگان کے سپیکر اور رپبلکن جماعت کے ملک میں سب سے اعلیٰ عہدے پر فائز رہنما پال رائن نے کہا ہے کہ خواتین سے دست درازی سے متعلق بیان سامنے آنے کے بعد وہ اپنی جماعت کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا دفاع نہیں کریں گے۔چند دن پہلے ڈونلڈ ٹرمپ کی خواتین کے بارے میں نازیبا گفتگو کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد وہ شدید مشکلات میں ہیں اور رپبلکن پارٹی کے ایک درجن کے قریب سینیئر رہنماؤں نے کہا ہے کہ وہ ٹرمپ کو ووٹ نہیں دیں گے۔امریکی ایوانِ نمائندگان کے سپیکر پال رائن نے کہا کہ ان کی توجہ کانگریس میں اپنی جماعت کی نشستیں بچانے پر مرکوز ہو گی تاہم وہ جماعت کی جانب سے نامزد صدارتی امیدوار کی توثیق ختم نہیں کریں گے۔ذرائع کے مطابق پال رائن نے کہا ہے کہ'وہ اپنی تمام توانائی اس بات کو یقینی بنانے پر صرف کریں گے کہ ہلیری کلنٹن کو ڈیموکریٹ اکثریتی کانگریس کا بلینک چیک نہ ملے۔انھوں نے اپنے ساتھی رہنماؤں سے کہا ہے کہ وہ اپنے حلقوں میں وہ سب کریں جو ان کے لیے بہترین ہو۔پال رائن کے اس بیان کے بعد صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ پال رائن کو ان سے لڑائی میں اپنا وقت ضائع نہیں کرنا چاہیے۔

اس سے پہلے امریکہ میں صدارتی امیدواروں ہلیری کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان دوسرا مباحثہ واشنگٹن یونیورسٹی میں ہوا جس میں ہلیری کلنٹن کی ای میلز، شام و عراق کے متعلق امریکی پالیسی،امریکی معیشت اور ذاتی کردار پر بات چیت کی گئی۔مباحثے میں رپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خلاف خواتین سے دست درازی کرنے کے الزام پر اپنی مخالف امیدوار ہلیری کلنٹن اور ان کے خاوند، سابق صدر بِل کلنٹن کے خلاف زبردست جوابی حملہ کیا ہے۔انھوں نے خواتین پر جنسی حملے کرنے الزام کی تردید کی اور ساتھ ہی سابق صدر بِل کلنٹن کے خلاف تند و تیز الزامات کی بارش کر دی۔انھوں نے کہا کہ 'سیاست کی تاریخ میں کبھی بھی کوئی ایسا شخص نہیں گزرا جو خواتین کے خلاف اتنی گندی زبان استعمال کرتا ہو۔ہلیری کلنٹن نے اپنے خاوند کے بارے میں ان کے الزامات کے بارے میں بات کرنے سے اجتناب کیا۔ٹرمپ نے بِل کلنٹن کے خلاف الزامات کا سلسلہ تب شروع کیا جب مباحثے کے میزبان اینڈرسن کُوپر نے ان کی توجہ 2005میں ریکارڈ کی گئی وڈیو کی جانب دلائی جس میں وہ خواتین سے دست درازی کے بارے میں ڈینگیں مار رہے ہیں۔


Share: